مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال کے تناظر میں پاکستان نے پاک ایران سرحد کھول دی
مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان نے پاک ایران سرحد پر آمد و رفت میں نرمی کرتے ہوئے ضلع پنجگور میں جیراک کے مقام کو باقاعدہ سرحدی کراسنگ پوائنٹ قرار دے دیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جیراک بارڈر کراسنگ کے ذریعے مسافروں اور سامان کی آمد و رفت کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اس مقصد کے لیے 1983 کے ایس آر او میں ترامیم کرتے ہوئے ایس آر او 102(I)/83 کے شیڈول میں سیریل نمبر 26 شامل کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت ضلع پنجگور میں واقع جیراک کو باضابطہ طور پر پاک ایران سرحدی کراسنگ قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد اب مسافروں اور تجارتی سامان کی نقل و حرکت اس راستے سے ممکن ہو سکے گی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جس سے پاک ایران سرحد پر آمد و رفت میں آسانی متوقع ہے اور سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
















