بچوں کے لیے ٹوتھ پیسٹ اور ماؤتھ واش: کولگیٹ کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز
امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے مشہور کمپنی ’کولگیٹ پامولیو‘ کے خلاف دو مقدمات کی سماعت جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ان مقدمات میں کمپنی پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ اس کے ماؤتھ واش کی پیکنگ والدین کو اس غلط فہمی میں مبتلا کرتی ہے کہ یہ چھ سال سے کم عمر بچوں کے لیے محفوظ ہے۔
برطانوی خبر رسیاں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق، شکاگو کی عدالت میں جج اینڈریا ووڈ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عام صارفین کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ یہ مصنوعات چھوٹے بچوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں کیونکہ ان کی پیکنگ پر نمایاں طور پر ’کِڈز‘ یا ’چلڈرن‘ کے الفاظ درج ہوتے ہیں۔
مقدمہ دائر کرنے والے صارفین کا مؤقف ہے کہ امریکی صحت کے حکام نے واضح طور پر متنبہ کر رکھا ہے کہ چھ سال سے کم عمر بچوں کو فلورائیڈ والے ماؤتھ واش استعمال نہیں کرنے چاہئیں۔
اسی طرح دو سے چھ سال کے بچوں کے لیے فلورائیڈ والے ٹوتھ پیسٹ کی صرف ایک مٹر کے دانے کے برابر مقدار استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے کیونکہ اسے نگلنا صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ کولگیٹ کی مصنوعات پر بنے شوخ رنگ اور ببل گم یا اسٹرابیری جیسے ذائقے والدین کو یہ تاثر دیتے ہیں کہ یہ چھوٹے بچوں کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور وہ اسے بڑوں کی طرح جتنی مرضی مقدار میں استعمال کر سکتے ہیں۔
عدالت میں کولگیٹ کی جانب سے یہ دلیل دی گئی کہ صارفین کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ عام ادویات کی طرح ہیں جن کی بوتل کے پیچھے لکھی ہدایات اور امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی وارننگز کو پڑھنا ضروری ہے۔
لیکن جج نے اس دلیل کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیکنگ کے سامنے والے حصے پر ’بچوں‘ کے الفاظ دیکھ کر عام آدمی دھوکہ کھا سکتا ہے۔
دوسری جانب ٹوتھ پیسٹ کے معاملے میں جج نے کہا کہ اس کی پیکنگ پر واضح طور پر مٹر کے دانے جتنی مقدار استعمال کرنے کی ہدایت لکھی ہوتی ہے، اس لیے اس پر پابندی کی ضرورت نہیں ہے۔
صارفین کے وکیل مائیکل کنیٹ نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے بڑی کمپنیوں کو یہ پیغام ملے گا کہ وہ بچوں کے لیے فلورائیڈ والی مصنوعات کی ایسی تشہیر بند کریں جو غیر محفوظ ہو۔
کولگیٹ کے علاوہ ’کریسٹ‘ ٹوتھ پیسٹ بنانے والی کمپنی ’پراکٹر اینڈ گیمبل‘، ’صنوفی‘ اور ’پیریگو‘ کو بھی اسی طرح کے قانونی چیلنجز کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں کولگیٹ نے ریاست ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کی تحقیقات کے بعد اپنے کچھ برانڈز کی پیکنگ تبدیل کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا تاکہ والدین کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔
















