وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، اسلامی اتحاد کی ضرورت پر گفتگو
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اتوار کے روز وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد ہوئی جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے تناظر میں خطے کی صورت حال پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے موجودہ بحران میں سعودی عرب کے غیر معمولی صبر اور تحمل کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ حالیہ رابطوں کا بھی ذکر کیا، جن میں 12 مارچ کو جدہ میں ہونے والی ملاقات شامل ہے۔
انہوں نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ صورت حال میں پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، جن میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں شامل ہیں۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پرنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مشیرِ قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اورمعاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورت حال پر سعودی عرب کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے باہمی رابطوں اور مشاورت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے خصوصی پیغامات بھی دیے۔
پاکستان کے دورے پر موجود ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدرعبدالعاطی کی بھی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات طے ہے۔
















