دنیا کی سب سے بڑی میٹھی چوری، لُٹیرے 12 ٹن چاکلیٹ سے بھرا ٹرک لے اُڑے

ٹرک میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 13 ہزار 793 چاکلیٹ بارز لوڈ تھیں
شائع 30 مارچ 2026 09:40am

سوئٹزر لینڈ میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر سے قبل ’’کِٹ کیٹ‘‘ چاکلیٹ کی 12 ٹن کھیپ چوری ہوگئی، ٹرک یورپ جاتے ہوئے راستے میں پراسرار طور پر غائب ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیسلے نے تصدیق کی ہے کہ اس کی مقبول ’کِٹ کیٹ‘ چاکلیٹ کی تقریباً 12 ٹن کھیپ چوری ہوگئی ہے۔ یہ کھیپ گزشتہ ہفتے اٹلی سے پولینڈ منتقل کی جا رہی تھی اور راستے میں مختلف یورپی ممالک میں تقسیم ہونا تھی۔

رپورٹ کے مطابق چوری ہونے والے ٹرک میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 13 ہزار 793 چاکلیٹ بارز لوڈ تھیں، تاہم یہ ٹرک راستے میں کسی نامعلوم مقام پر پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا۔

کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سپلائی چین کے دوران پیش آیا اور تاحال نہ تو ٹرک کا سراغ مل سکا ہے اور نہ ہی اس میں موجود چاکلیٹ کی کھیپ کا۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی حکام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں۔

نیسلے کے مطابق اس بڑے واقعے کے باعث یورپ کے بعض ممالک میں ایسٹر کے موقع پر ’کِٹ کیٹ‘ چاکلیٹ کی قلت پیدا ہوسکتی ہے، جس سے صارفین کو اپنی پسندیدہ چاکلیٹ حاصل کرنے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔

کمپنی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چوری شدہ چاکلیٹ غیر سرکاری چینلز کے ذریعے یورپی مارکیٹ میں فروخت کی جا سکتی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہر چاکلیٹ بار پر موجود مخصوص کوڈ کے ذریعے ان مصنوعات کو ٹریک کیا جاسکتا ہے۔

ترجمان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کمپنی ہمیشہ لوگوں کو ’کِٹ کیٹ‘ کے ساتھ وقفہ لینے کا مشورہ دیتی ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ چوروں نے اس پیغام کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا اور پوری کھیپ ہی لے اڑے۔