دفتر خارجہ نے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا کردار واضح کردیا

دفتر خارجہ کی امریکی نائب صدر یا وفد کی پاکستان آمد کی تردید
شائع 02 اپريل 2026 12:41pm

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان بامعنی مذاکرات کے لیے میز فراہم کرنے کا اعزاز حاصل کرے گا، جبکہ اس حوالے سے امریکی نائب صدر یا کسی وفد کی اسلام آباد آمد کی تاحال کوئی مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ اس وقت ارمچی میں سہہ فریقی مذاکرات جاری ہیں، جس کی تصدیق طاہر اندرابی نے بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس بات پر اطمینان ہے کہ امریکا اور ایران دونوں پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے وفود کی آمد سے متعلق کوئی حتمی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق متعلقہ فریقین ہی اس بات کا تعین کریں گے کہ مذاکرات میں کون شامل ہوگا اور ان کے اوقات کار کیا ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سارے عمل میں پاکستان کا کردار سہولت کاری کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ انتہائی اہم تعلقات رکھتا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران کی جانب سے خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی بھی مذمت کی ہے، جبکہ اس سے قبل ایران پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی جا چکی ہے۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی تنازع کا جامع اور دیرپا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر بھی عالمی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اسی اصول پر قائم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکی نائب صدر یا کسی اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ اسلام آباد سے متعلق کوئی معلومات موجود نہیں، اور آئندہ پیش رفت کا انحصار متعلقہ ممالک کے فیصلوں پر ہوگا۔