ایران میں ریسکیو آپریشن کے درمیان تباہ ہونے والے امریکی طیارے کی تصویر سامنے آگئی

ایرانی میڈیا نے صوبہ اصفہان میں 130 طیارہ تباہ کرنے کا کی ویڈیو بھی جاری کردی
اپ ڈیٹ 05 اپريل 2026 03:38pm

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی پائلٹ کے ریسکیو آپریشن میں مصروف ایک اور امریکی طیارے کو نشانہ بنا کر گرا دیا، جبکہ واقعہ صوبہ اصفہان کے جنوبی علاقے میں پیش آیا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق ایران کے صوبہ اصفہان کے جنوبی علاقے میں ایک امریکی طیارے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا، جو مبینہ طور پر لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن میں مصروف تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی میڈیا نے اس کارروائی کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں کھیتوں کے درمیان سے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس طیارے کو ’’فراج رینجرز‘‘ نامی پولیس کمانڈو یونٹ نے نشانہ بنایا، جبکہ تباہ ہونے والا طیارہ سی-130 کلاس کا تھا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ طیارہ ”جارحیت کرنے والے عناصر کو ایندھن فراہم کر رہا تھا‘‘، جس کے باعث اسے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام نے اس واقعے کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان بیانات کا جواب قرار دیا ہے، جن میں وہ ریسکیو آپریشن کی کامیابی کے دعوے کر رہے تھے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ”ٹرمپ کی جانب سے ایک بڑی شکست کو چھپانے کی کوشش“ کا نتیجہ ہے، تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ایرانی افواج کے ہاتھوں تباہ ہونے والے امریکی طیارے کا ملبہ ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا: ”اگر امریکا کو اسی طرح کی تین مزید کامیابیاں مل گئیں، تو وہ مکمل طور پر تباہ و برباد ہو جائے گا۔“