سندھ حکومت نے اسکول وینز کے کرائے بڑھانے پر پابندی عائد کر دی
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر اسکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا، سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کو وارننگ دیتے ہوئے خلاف ورزی کی صورت میں اسکول وینز مالکان کیخلاف کارروائی کی بھی ہدایت کردی۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو مراسلہ بھیج کر طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ فیس میں اضافہ کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اسکول انتظامیہ اور نجی ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو سخت احکامات جاری کیے ہیں کہ طلبہ کی نقل و حمل کے چارجز برقرار رکھیں۔
سندھ حکومت نے اسکول وینز آپریٹرز کو سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ پابندی پر عمل درآمد آسان ہو۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسکول انتظامیہ یا نجی انتظام کے تحت چلنے والی تمام ٹرانسپورٹ سروسز پر یہ حکم نافذ ہوگا۔
اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروسز کا مکمل ڈیٹا جمع کرائیں اور تمام وینز اور دیگر ٹرانسپورٹ سروسز کی تفصیلات حکومتی محکمے کو فراہم کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
موٹر بائیک کےلیے فیول سبسڈی آن لائن پورٹل کا اجرا
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موٹر سائیکل مالکان کے لیے فیول سبسڈی کا آن لائن پورٹل بھی متعارف کروا دیا۔ اس سلسلے میں ایگزیکٹو ڈیپارٹمنٹ آف ایکسائز کی ویب سائٹ پر مالکان رجسٹریشن کر سکیں گے اور سبسڈی خودکار نظام کے تحت براہ راست بینک اکاونٹ میں منتقل کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موٹر سائیکل مالک کو ہر ماہ 2,000 روپے سبسڈی دی جائے گی اور سبسڈی کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے۔ فیول سبسڈی صرف اس موٹر سائیکل کے لیے ملے گی جو متعلقہ فرد کے نام ہو اور ایک شناختی کارڈ پر ایک ہی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
پورٹل پر شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر اور بینک آئی بی این درج کرنا ضروری ہے۔ سندھ بینک میں اکاؤنٹ رکھنے والے مالکان کو سبسڈی 24 گھنٹے کے اندر منتقل کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے ٹرانسفر فیس ختم کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ٹرانسفر دفاتر ہفتہ و اتوار اور صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔ کال سینٹر شہری شکایات کے لیے 24 گھنٹے فعال ہوگا جس کا نمبر 021-111-374634 ہے۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ سندھ نے اسکول وینز کرایہ، پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی اور وفاق کے کچھ فیصلوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی کرایوں میں اضافہ کیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔














