ننھی بچی کی خواہش پر ایران کا تل ابیب کے لیے ’گلابی میزائل‘

معصوم بچی کی فرمائش پر ایران کا انوکھا عسکری جواب سوشل میڈیا کی زینت بن گیا
شائع 07 اپريل 2026 10:04am

ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ایک ٹیلی گرام چینل نے حال ہی میں ایک گلابی رنگ کے میزائل کی تصویر جاری کی ہے، جس پر فارسی زبان میں ’انقلابی ننھی بچی کی درخواست کے جواب میں‘ درج کیا گیا ہے۔

یہ تصویر اسرائیل پر ایرانی حملوں کی ایک نئی لہر کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ قدم ایک ایسی ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اٹھایا گیا جس میں ایک چھوٹی بچی کو اسرائیل کی طرف گلابی میزائل داغنے کی فرمائش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

یہ تصویر ’سپاہ سائبری‘ نامی چینل پر شیئر کی گئی ہے، جو عام طور پر پاسدارانِ انقلاب کے نظریات اور سائبر پیغامات کی تشہیر کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

جس کے بعد ممبئی میں واقع ایرانی قونصل خانے نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ”ننھی کلی نے ایک خواہش ظاہر کی اور انہوں نے بھرپور جواب دیا! تل ابیب پر گلابی میزائل داغنے کی فرمائش کرنے والی اس بچی کی ویڈیو کے بعد، پاسدارانِ انقلاب نے اپنا پورا بیان فولادی زبان میں جاری کر دیا ہے۔“

ماہرین کا خیال ہے کہ میزائل کو گلابی رنگ دینا اور اس پر ایک بچے کی خواہش کا حوالہ دینا دراصل عسکری پیغام رسانی کو جذباتی اور عوامی رنگ دینے کی ایک کوشش ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعے جدید ہتھیاروں کو سوشل میڈیا کے لیے موزوں بنا کر مقامی سطح پر عوام کی ہمدردیاں اور توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ابھی تک اس بات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ تصویر کب لی گئی تھی، کیا یہ میزائل واقعی استعمال کے قابل تھا یا اسے حال ہی میں ہونے والے کسی حملے میں براہِ راست استعمال کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ تصویر سوشل میڈیا پر بحث اور دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہے۔