جنگ بندی کے باوجود لبنان میں اسرائیل کے حملے جاری، 89 افراد جاں بحق، 800 زخمی

اسرائیلی فوج نے 10 منٹ کے اندر متعدد مقامات پر ایک ساتھ تقریباً 100 فضائی حملے ہیں۔
شائع 08 اپريل 2026 08:53pm

لبنان کے دارالحکومت بیروت اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی فوج نے 10 منٹ کے اندر متعدد مقامات پر ایک ساتھ تقریباً 100 فضائی حملے کیے ہیں، آج کے حملوں میں کم از کم 89 افراد جاں بحق اور 800 سے زائد زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود لبنان پر شدید ترین فضائی حملے جاری ہیں۔ بیروت میں مسلسل دھماکوں سے شہر گونج اٹھا اور دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق جنگ کے دوران اب تک کی سب سے بڑی اور مربوط کارروائی میں بیروت، وادی بقاع اور جنوبی لبنان میں 10 منٹ کے اندر حزب اللہ کے 100 سے زائد کمانڈ سینٹرز اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

بیروت کے مرکزی علاقے میں ایک حملے کے مقام پر صورت حال انتہائی خوفناک ہے، یہ حملے بغیر کسی وارننگ کے کیے گئے، جس سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا اور ملک بھر میں ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بدھ کے روز حملوں میں کم از کم 89 افراد ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جب کہ حملوں کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، اسپتالوں میں متعدد افراد کی ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد کے لیے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو طلب کیا گیا ہے۔

حملوں کے دوران ملک میں یہ واضح نہیں تھا کہ کیا علاقائی جنگ بندی لبنان پر بھی لاگو ہوگی۔ پاکستان کے وزیراعظم نے بیان دیا کہ جنگ بندی لبنان پر بھی لاگو ہے تاہم صبح 6 بجے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ لبنان کے لیے جنگ بندی کا اطلاق نہیں ہوتا اور اسرائیلی فوج نے بعد ازاں یہ بات واضح کر دی۔

اقوام متحدہ کی لبنان کے لیے خصوصی کوآرڈینیٹر ژینین ہینس نے بھی اس پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ تشدد جاری نہیں رہ سکتا۔ کسی بھی فریق کے لیے ہتھیار یا حملے سے فتح حاصل نہیں کی جا سکتی۔“

اسرائیل نے امریکا ایران سیز فائر معاہدے میں لبنان کے شامل نہ ہونے کا بھی دعویٰ کردیا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان میں حزب اللّٰہ کےخلاف آپریشن جاری ہیں، سیاسی قیادت کے حکم پر ایران پر حملے روک دیے ہیں۔

لبنانی صدر جوزف عون نے لبنان کو جنگ بندی معاہدے میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی سے متعلق کوئی باضابطہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے آرمی چیف جنرل ایزال زامیر  نے کہا کہ لبنان میں حزب اللّٰہ کے ٹھکانوں پر بغیر سمجھوتے کے حملے جاری رکھیں گے، حزب اللّٰہ کے خاتمے کے لیے ہر موقع کا فائدہ اٹھائیں گے، شمالی اسرائیل میں آباد شہریوں کی سلامتی پرکوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔