آزاد کشمیر سے بھارتی ایجنٹ گرفتار: حساس تنصیبات کی ریکی کا نیٹ ورک بے نقاب
انسپکٹر جنرل آزاد کشمیر پولیس لیاقت علی ملک نے انکشاف کیا ہے کہ راولاکوٹ پولیس نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرنے والے ایک مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی آزاد کشمیر نے جمعرات کو مظفرآباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عرفان نامی یہ شخص دشمن ملک کی ایجنسی کے لیے جاسوسی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا اور اسے پولیس کی مستعدی کے باعث بروقت قابو کر لیا گیا ہے۔
اس کارروائی کے ذریعے آزاد کشمیر پولیس نے دشمن کے ایک پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
لیاقت علی ملک نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزم عرفان سوشل میڈیا کے ذریعے دشمن کے ساتھ رابطے میں تھا اور حساس تنصیبات کی ریکی کرنے سمیت ان کی ویڈیوز اور لوکیشنز دشمن تک پہنچاتا رہا تھا۔
آئی جی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نہ صرف معلومات فراہم کرتا تھا بلکہ معصوم بچوں کو پیسوں کا لالچ دے کر تخریبی کارروائیوں کے لیے تیار کرنے کی کوششوں میں بھی مصروف تھا۔
لیاقت علی ملک نے اس موقع پر دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم ہر محاذ پر چوکس اور تیار ہیں اور آزاد کشمیر کی سرزمین کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران ملزم عرفان کا اعترافی بیان بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ اسے انٹرنیٹ کے ذریعے ورغلایا گیا تھا۔ عرفان کا کہنا تھا کہ مجھے آن لائن نوکری کی پیشکش کی گئی تھی، جس کے بعد وہ اس کام میں ملوث ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔












