یوکرین میں قیام امن کے لیے یورپی اتحاد کا برقرار رہنا ضروری ہے، چارلس

موجودہ جنگ دراصل نیٹو کے عزم کا امتحان ہے، امریکی کانگریس سے خطاب
شائع 29 اپريل 2026 09:04am

برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے کہا ہے کہ جو اتحاد نائن الیون کے بعد نظر آیا اس کی آج یوکرین کے دفاع کے لیے ضرورت ہے۔

برطانیہ کے شاہ چارلس  نے امریکی گانگریس سے خطاب کرتے ہوئے یورپ اور امریکا کی شراکت داری کو آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم قرار دیا اور کہا کہ جو  اتحاد نائن الیون کے بعد نظر  آیا اس کی آج یوکرین کے دفاع کیلئے ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا کا تعلق محض ماضی کی کامیابیوں پر قائم نہیں رہ سکتا، بلکہ بدلتے حالات کے مطابق اس اتحاد کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ شاہ چارلس کے مطابق یوکرین میں قیامِ امن کے لیے یورپی اتحاد کا برقرار رہنا نہایت ضروری ہے۔

برطانوی بادشاہ نے کہا کہ موجودہ جنگ دراصل نیٹو کے عزم کا امتحان ہے اور اس صورتحال میں یوکرین کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی ضرورت ہے۔

شاہ چارلس نے وائٹ ہاؤس پریس ڈنر کے دوران پیش آنے والے حملے کی بھی سخت مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد کا یہ عمل کبھی کامیاب نہیں ہوگا اور جمہوری ممالک اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے متحد رہیں گے۔

خطاب کے دوران انہوں نے ماحولیاتی تحفظ، انسانی ہمدردی اور مذاہب کے احترام کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ غیر یقینی دور میں رواداری، آزادی اور دیگر جمہوری اقدار کا دفاع پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔