ڈیزل کی بڑھتی قیمتیں: پاکستان ریلویز نے 8 ٹرینیں بند کر دیں

آپریشنل اخراجات بڑھنے کی وجہ سے ٹرینوں کو بند کیا گیا ہے: ریلوے حکام
شائع 20 مئ 2026 08:57pm

پاکستان ریلویز نے ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث 8 مسافر ٹرینیں عارضی طور پر بند کردی ہیں۔

پاکستان ریلویز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہوا ہے اور ٹرین آپریشن چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے ریلوے انتظامیہ نے مختلف سیکشنز پر چلنے والی 8 ریل گاڑیوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

ریلوے ذرائع نے بتایا کہ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ ریل گاڑیوں میں مسافروں کی تعداد بھی کم  تھی، اس لیے فیول اخراجات  میں بچت کے لیے ریل گاڑیوں کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق بند کی جانے والی ٹرینوں میں مہران ایکسپریس، چمن ایکسپریس، ماروی ایکسپریس اور راوی ایکسپریس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سمن سرکار، موہنجوڈارو، بولان میل اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس بھی عارضی طور پر بند کی گئی ہیں۔

ترجمان ریلوے نے بتایا کہ آپریشنل اخراجات بڑھنے کی وجہ سے ٹرینوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی ٹرینوں کو بحال کر دیا جائے گا۔