ایبولا کا خوف: اسپین نے کانگو کا ورلڈ کپ وارم اپ میچ منسوخ کر دیا

کانگو کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت سے پہلے 21 دن تک آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔
شائع 03 جون 2026 11:14am

اسپین کے ایک شہر میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کا ورلڈ کپ 2026 سے پہلے کھیلا جانے والا دوستانہ فٹبال میچ ایبولا کے خدشات کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مقامی میئر نے صحت سے متعلق احتیاطی اقدامات کے تحت کیا۔

اسپین کے جنوبی شہر ’لا لینیا ڈی لا کنسیپسیون‘ کے میئر نے کہا کہ انہوں نے 9 جون کو ہونے والا وہ میچ روکنے کا حکم دیا ہے جس میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف دی کانگو اور چلی کی ٹیموں کو کھیلنا تھا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ مکمل طور پر احتیاطی تھا اور علاقائی صحت حکام کی سفارشات کے بعد کیا گیا۔

میئر کا کہنا تھا کہ شہر کے طبی ماہرین نے بھی واضح طور پر مشورہ دیا تھا کہ صحت کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر یہ میچ نہ کرایا جائے۔ اس شہر کی آبادی تقریباً 65 ہزار ہے اور یہ جبل الطارق کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

دوسری جانب کانگو کی ٹیم پہلے ہی اپنے ملک میں ایبولا وبا کے پھیلنے کے بعد مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ اسی وجہ سے ٹیم نے ملک میں اپنا تربیتی کیمپ منسوخ کر دیا تھا اور کھلاڑی اس وقت بیلجیئم میں موجود ہیں۔

کانگو کی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ٹیم میزبان ممالک کی صحت سے متعلق تمام پروٹوکولز پر عمل کر رہی ہے۔ اسی دوران ٹیم نے ایک اور وارم اپ میچ ڈنمارک کے خلاف بیلجیئم کے شہر لیژ میں کھیلنے کا پروگرام بھی بنایا ہے۔

امریکی حکام نے بھی کہا ہے کہ کانگو کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت سے پہلے 21 دن تک آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔ یہ عالمی ٹورنامنٹ 11 جون سے 19 جولائی تک جاری رہے گا اور اسے مشترکہ طور پر کینیڈا، یونائیٹڈ اسٹیٹ اور میکسیکومیں منعقد کیا جا رہا ہے۔

کانگو کی ٹیم نے اس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جو 1974 کے بعد ان کی پہلی شرکت ہوگی جب وہ اس وقت زائر کے نام سے ٹورنامنٹ میں شامل ہوئے تھے۔ ٹیم اپنے میچز کے لیے امریکہ کے شہر ہوسٹن کو بیس بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، جہاں وہ پہلا گروپ میچ 17 جون کو پرتگال کے خلاف کھیلے گی۔

اس کے بعد کانگو کی ٹیم 24 جون کو میکسیکو کے شہر گوادالاخارا میں کولمبیا کے خلاف میدان میں اترے گی، جبکہ 28 جون کو وہ دوبارہ امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں ازبکستان کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ کھیلے گی۔