پی آئی اے نے فضائی عملے پر بڑی پابندیاں عائد کردیں
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے فضائی میزبانوں کے لیے سخت ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے فضائی میزبانوں کے پرسنل لگیج میں سگریٹ، سگار، تمباکو اور متعلقہ اشیا ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ نئی پالیسی کے تحت خلاف ورزی پر فوری کارروائی اور معطلی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
پی آئی اے کی انتظامیہ نے فضائی میزبانوں (ایئر ہوسٹس) کے لیے ضابطہ اخلاق مزید سخت کردیا ہے اور فضائی عملے پر سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اب فضائی میزبانوں کو پرسنل لگیج اور تمباکو نوشی سے متعلق اشیاء ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نئی پالیسی کے مطابق فضائی میزبانوں کے لیے لگیج سے متعلق سخت قوانین لاگو کر دیے گئے ہیں، کیبن کریو کو دورانِ ڈیوٹی اور ہوٹل میں قیام کے دوران سگریٹ، سگار، پائپ اور تمباکو یا اس سے متعلقہ دیگر اشیاء ساتھ رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم کریو کو مخصوص تعداد میں سگریٹ اپنے ساتھ رکھنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے عملے کو نئی پالیسی پر لازمی عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے فضائی میزبانوں کو فوری طور پر ڈیوٹی سے معطل کر دیا جائے گا، جس کے بعد ان کے خلاف قوانین کے مطابق سخت انکوائری کا سامنا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب اس معاملے پر پی آئی اے کے ترجمان نے اپنا مؤقف دینے سے گریز کردیا۔ واضح رہے کہ کسٹمز قوانین کے مطابق کریو کو مخصوص تعداد میں سگریٹ رکھنے کی اجازت ہے۔














