پشاور میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 6 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوفیں، 3 ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد
شائع 24 جون 2026 10:35am

پشاور میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے اور پولیس پوسٹ پر حملے سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوفیں، 3 ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں خلیل الرحمان عرف صدام، نجم الدین عرف ابو جانہ اور کفایت اللہ شامل ہیں، جبکہ دیگر تین دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چند دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

آپریشن کی کامیابی پر انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے حصہ لینے والے اہلکاروں کو شاباش دی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام مطلوب دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔