وینزویلا کے فٹبالر کی بیوی زلزلے میں بیٹی کو بچاتے ہوئے ہلاک
جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں آنے والے ہولناک زلزلوں کے دوران ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک مشہور فٹبال کھلاڑی ہیکٹر بیلو کی اہلیہ نے اپنی ایک سال کی بیٹی کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
وینزویلا کے فٹبال کلب مارٹیمو ڈی لا گوائرا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ہیکٹر بیلو کی اہلیہ اینڈریا بیلو 24 جون کو آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے دوران اپنی بیٹی الانا کو بچانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
اسی دوران ان کی رہائشی عمارت منہدم ہو گئی اور وہ ملبے تلے دب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں، جبکہ ان کی ایک سالہ بیٹی معجزانہ طور پر محفوظ رہی، کیونکہ اس کی ماں نے اسے اپنے جسم سے چھپا کر ملبے سے بچا لیا تھا۔
ہیکٹر بیلو ماریٹیمو ڈی لا گوائرا فٹبال کلب کے لیے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اس دردناک خبر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کے روز آنے والے تباہ کن زلزلے میں ان کی بیوی اینڈریہ بیلو ہلاک ہو گئیں۔
ہیکٹر بیلو نے اپنی اہلیہ کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ تم ہمیشہ ہماری پسندیدہ ہیرو رہو گی۔ میں اپنی بیٹی کو ضرور بتاؤں گا کہ تم کتنی اچھی ماں تھیں اور اس سے کتنی محبت کرتی تھیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ، ’میں اسے یہ بھی بتاؤں گا کہ تم نے اسے کیسے بچایا، اپنی جان اس پر کیسے قربان کر دی، اور آخری سانس تک اس کا ساتھ نہیں چھوڑا۔‘
اپنی بیٹی کے لیے ایک اور پیغام میں فٹبالر نے لکھا کہ میری بیٹی، مجھے تمہاری ہمت کی ضرورت ہے۔ بس تھوڑا سا انتظار کرو۔ مجھے ضرورت ہے کہ تم میرے اس دل کو ٹھیک کرو جو ٹکڑے ٹکڑے ہو چکا ہے۔
اس دکھ کی گھڑی میں فٹبال برادری اور مقامی لوگوں نے کھلاڑی کے ساتھ گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ وینزویلا میں یکے بعد دیگرے آنے والے ان دو بڑے زلزلوں نے بھاری تباہی مچائی ہے، جس میں اب تک کم از کم 1,430 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
















