بھارتی نیوز چینلز ہیک کر لیے گئے، مودی حکومت کو واضح پیغام

ٹی وی 9 تیلگو اور فریڈم ٹی وی کنڑ کی نشریات متاثر ہونے کے دعوے، سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل
شائع 01 جولائ 2026 11:51am
Indian News Channels Hacked | TV9 Telugu Freedom TV Kannada | Anthem Incident - Aaj News

بھارت کے دو معروف نیوز چینلز کے ہیک ہونے اور نشریات کے دوران پاکستانی قومی ترانہ نشر ہونے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ان دعوؤں کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

رپورٹس کے مطابق بھارت کے معروف نیوز چینلز ٹی وی 9 تیلگو اور فریڈم ٹی وی کنڑ کی نشریات مبینہ طور پر ہیک کر لی گئیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی صدر کی تقریر کے دوران دونوں چینلز پر کچھ دیر کے لیے پاکستان کا قومی ترانہ نشر ہوا۔

اطلاعات کے مطابق ہیکرز کی جانب سے ایک پیغام بھی نشر کیا گیا، جس میں مبینہ طور پر تنبیہ کی گئی کہ پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے۔

واقعے کے بعد دونوں چینلز کی نشریات متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں بھی گردش کرتی رہیں۔

رپورٹس کے مطابق ٹی وی 9 تیلگو کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ (14 ملین) جبکہ فریڈم ٹی وی کنڑ کے ایک ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔

سائبر سیکیورٹی کے بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ واقعہ درست ثابت ہوتا ہے تو اس سے بھارتی میڈیا کے سائبر تحفظ کے نظام پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔ تاہم واقعے کی نوعیت، ذمہ دار عناصر اور ہیکنگ کی تفصیلات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اور حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔