منگی ڈیم حملے کے بعد فورسز کا آپریشن شعبان، مزید 13 دہشت گرد ہلاک

5 جولائی سے جاری آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے ہیں: سیکیورٹی ذرائع
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2026 05:59pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

بلوچستان کے منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کے ”آپریشن شعبان“ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، جس کے بعد ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے جب کہ 5 جولائی سے جاری آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے تسلسل میں پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا ”آپریشن شعبان“ جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے 26 خوارج کو 6 اور 7 جولائی کو پہلے ہی ہلاک کیا جا چکا ہے، آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زمینی اور ہوائی ایکشنز کے ذریعے فتنہ الخوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 خارجی دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد مجموعی طور پر 39 ہو گئی ہے۔

آپریشن شعبان کے علاوہ آج صبح خضدار زیدی کے علاقے میں دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن پر حملہ بھی پسپا کردیا گیا ہے، پاک فوج اور ایف سی کے دستوں  کی برق رفتار کارروائی کے ذریعے 8  دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سے 6 مزید دہشت گردوں کے ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، 5 جولائی سے جاری آپریشن شبعان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم، وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آپریشن شعبان کی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی جرات اور بہادری کی تعریف کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے، پاک فوج، ایف سی کے دستوں کی کارروائی کو سراہتے ہیں، سیکیورٹیہ فورسز اور قوم کے پختہ عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے جوانوں پر پوری قوم کو ناز ہے، 13 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پوری قوم یکجان ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔