پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اچانک مستعفی، وجہ کیا بنی؟
پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ شین میک ڈرموٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جب کہ ان کے استعفے کی ممکنہ وجہ گھریلو مصروفیات بتائی جا رہی ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ شین میک ڈرموٹ نے اپنی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں ایک اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق شین میک ڈرموٹ گزشتہ سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوئے تھے اور ان کی تقرری ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی سفارش پر کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شین میک ڈرموٹ کے استعفے کی وجوہات سے متعلق ابھی تک کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں جب کہ متعلقہ حکام کی جانب سے بھی باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔
شین میک ڈرموٹ نے اپنے دورِ ذمہ داری میں پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ کے معیار کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا اور ان کی خدمات کو کھلاڑیوں اور کرکٹ حلقوں میں سراہا گیا جب کہ ان کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ میں واضح بہتری دیکھی گئی، جسے ان کی محنت کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔
شین میک ڈرموٹ کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو مصروف بین الاقوامی شیڈول سے قبل نئے فیلڈنگ کوچ کی تلاش کرنا ہوگی جب کہ آئندہ سیریز کے لیے کوچنگ اسٹاف کی تشکیل بھی اہم معاملہ بن گئی ہے۔
















