غیرملکی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی ،سرمایہ کاری میں ستر فیصد کمی

شائع 18 اپريل 2016 01:17pm
dallar فائل فوٹو

غیرملکی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث بیرونی سرمایہ کاری میں ستر فیصد کمی ہوئی، چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھ گئی، امریکا اور سعودی عرب نے سرمایہ نکال لیا۔

توانائی بحران، انفرااسٹراکچر کی کمی اور لاگت پیداوار میں اضافے کے باعث غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال نو ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم صرف چھپن کروڑ بہتر لاکھ ڈالر رہ گیا۔ گزشتہ سال اس دوران بیرونی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب ستاسی کروڑ ڈالر تھی۔ اس دوران چینی کمپنیوں نے اکیاون کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی، جبکہ سعودی عرب نے سات کروڑ اور امریکا نے چار کروڑ ڈالر نکال لئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی دوہزار پندرہ سے مارچ دوہزار سولہ کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں پندرہ فیصد اضافہ ہوا اور اس کی مالیت پچانوے کروڑ ڈالر رہی۔