پاناما لیکس تحقیقات ،حکومت اور اپوزیشن کے رابطے

شائع 19 اپريل 2016 06:37pm

asss_image

 فائل فوٹو 

اسلام آباد:پانامالیکس سے ملک میں ہلچل جاری ہے جس کے بعد حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ایک دوسرے سے رابطوں کا سلسلہ تیز ہوگیا۔اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

پاناما لیکس سے ملک میں پیدا ہونے والے سیاسی بھونچال کے بعد اپنے اپنے موقف کی حمایت کے لئے حکومتی اور اپوزیشن رہنما کسی انتخابی مہم کی طرح سرگرم دکھائی دے رہے ہیں،اسلام آباد میں پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں نے ملاقات کی۔جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ تمام جماعتوں کا موقف ہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔

اس موقع پر اعتزاز احسن نے شریف خاندان پر تنقید کرتے ہوئے پاناما پیپرز کی تحقیقات ان کے اثاثوں سے شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔

تحریک انصاف بھی حکومت کے خلاف محاز میں بازی لئے ہوئے ہے،پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف اذان دی ہے جس نے ساتھ دینا ہے آجائے گا۔دوسری جانب حکومت بھی اپنے کارڈز کھیل رہی ہے، وفاقی وزراء پرویزرشید اور سعد رفیق نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں جوڈیشن کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

اس سے قبل دینی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں کرپشن کے خاتمہ،پانامالیکس،ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگرامورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔