چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کل ترکی روانہ ہونگے

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2016 05:51am
jamlali_image فائل فوٹو

اسلام آباد:چیف جسٹس انور ظہیر جمالی آٹھ روزہ غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں کل ترکی روانہ ہوں گے، دوسرے مرحلے میں عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جائیں گے۔ اْن کی عدم موجودگی میں تیس اپریل تک سینئر جج جسٹس ثاقب نثار قائم مقام چیف جسٹس ہوں گے۔

ذرائع نے آج نیوز کو بتایا کہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی پہلے سے طے شدہ آٹھ روزہ دورے پر کل ترکی روانہ ہورہے ہیں۔ چیف جسٹس ترک آئینی عدالت کی سالانہ تقریبات میں شرکت اور ترک ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ چیف جسٹس ترکی سے عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ چیف جسٹس کی ملک میں عدم موجودگی کے دوران سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس ثاقب نثار قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ترجمان سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کے بیرون ممالک دورے کی تصدیق کی ہے۔