پاناما لیکس:پانچ صفحات پر مشتمل ٹی او آرز متفقہ طور پر تیار

شائع 03 مئ 2016 04:14pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اپوزیشن جماعتوں نے پاناما پیپرز پر حکومتی ٹی او آرز مسترد کرتے ہوئے اپنے ٹی او آرز ترتیب دے دیئے ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے ترتیب دیے گئے کے ٹی او آرز کے مندرجات آج نیوز کو موصول ہوگئے۔اپوزیشن نے پانچ صفحات پر مشتمل ٹی او آرز متفقہ طور پر تیار کرلئے ہیں،جو کے پندرہ نکات پر مشتمل ہیں۔

ٹی او آرز میں کہا گیا ہے کہ پاناما پیپرز میں جن افراد کا نام آیا ہے ان سب کا احتساب ہونا چاہئے،تاہم احتساب کا عمل وزیراعظم اور ان کے خاندان سے شروع کیا جائے،جو کے انیس سو پچیاسی سے اب تک کے ٹیکس اور اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرے گا۔کمیشن وزیراعظم اور ان کے خاندان سے پوچھ گچھ کرنے کا بھی مجاز ہوگا۔

اس سلسلہ میں حکومت پاناما پیپرز کے حوالے سے خصوصی قانون بنانے کی پابند ہوگی جو کہ پاناما پیپرز انکوائری ایکٹ اینڈ ٹرائل 2016 کے تحت کمیشن قائم کرے گا۔کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے اور یہ کمیشن نوے دنوں میں اپنی تحقیقات مکمل کرنے کا مجاز ہوگا۔کمیشن کی کارروائی اوپن ہوگی اور تحقیقات مکمل ہونے پر اسے پبلک کیا جائےگا۔

ٹی او آرز میں کہا گیا کہ انکوائری کمیشن کو فرانزک آڈیٹرز کی خدمات حاصل کرنے کی آزادی ہوگی اورتمام ترحکومتی ادارے اور ایجنسیاں کمیشن کے ماتحت ہونگی۔حکومت تمام تر تحقیقات کیلئے فنڈز فراہم کرے گی۔