لودھراں کے عوام کی قیمت اڑھائی ارب روپے نہیں،عمران خان
لودھراں:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی وجہ سے میاں صاحب نے اڑھائی ارب کا پیکج دیا، مہنگائی، ظلم اور زیادتیوں کے خلاف عوام کی خاطر سڑکوں پر نکلیں گے۔
لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکمران جماعت کی جانب سے کسان پیکج کے اعلان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام کے ضمیر کی قیمت اڑھائی ارب روپے نہیں۔ پاکستان میں ایک کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، اورنج لائن کی جگہ پچیس لاکھ بچے اسکول جا سکتے تھے۔ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ تعلیم اور صحت پر پیسہ خرچ ہو۔
عمران خان نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خوب ہدف تنقید بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی بری عادت ہے کہ وہ زبان پر قائم نہیں رہتے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف صاحب، دھاندلی جرم ہے، وہ مسلم لیگ ن کی انتخابی دھاندلی کبھی نہیں بھولیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مہنگائی کے خلاف پنجاب اور قومی اسمبلی میں بھرپور مہم چلانے کا بھی اعلان کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اقتدار میں آ کر حکمرانوں کا بھرپور احتساب کریں گے۔ وہ لودھراں میں نیا پاکستان بنتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔