سیکیورٹی گارڈ ہلاکت کیس:شیخ روحیل اصغرکے وارنٹ گرفتاری جاری

شائع 30 مئ 2016 08:06am
عدالت نے شیخ روحیل اصغر کی 2لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظورکی تھی - فائل فوٹو عدالت نے شیخ روحیل اصغر کی 2لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظورکی تھی - فائل فوٹو

اسلام آباد:سیکیورٹی گارڈ ہلاکت  کیس میں  اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغرکے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ 

جوڈیشل مجسٹریٹ ہمایوں دلاورنے  رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغراورشریک ملزم ذوالفقارکے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔

 ملزمان پرآج فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقررتھی۔ گزشتہ سماعت پرعدالت نے شیخ روحیل اصغر کی 2لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظورکی تھی ۔ ملزم روحیل اصغرکی جانب سے ضمانتی مچلکے بھی داخل نہیں کرائے گئے ۔

 ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضمانتی مچلکے نقد جمع کرانے ہیں ابھی بینک سے رقم نکلوانی ہے،وقت دیا جائے۔

 عدالت نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی ۔

 واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ کوہسارمیں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغراور ذوالفقارکے خلاف سیکیورٹی گارڈ کوقتل کرنے کا مقدمہ درج ہے ۔