حکومتی پالیسی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ،نواز

شائع 30 مئ 2016 02:31pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیرا عظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر مستقل مزاجی سے عمل کیا ہے ،حکومتی پالیسی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کی لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ کا حجم آٹھ سو ساٹھ ارب روپے کیا جارہا ہے،تمام منصوبوں پر مستقل مزاجی سے عمل کیا گیا جس کی وجہ سے آج ترقی کی شرح آٹھ سال کی بلند ترین شرح پر ہے ۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ مالی خسارے میں کمی آئی ہے، حکومتی پالیسی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے جبکہ ٹیکس محصولات میں بھی مثبت اضافہ ہوا ہے ۔

کاشت کاروں سے متعلق نواز شریف نے وفاقی وزیر اسحاق ڈار کو ہدایات جاری کیں اورکہا کہ یوریا کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کی جانی چاہیئے ۔ وزیرا عظم نے مزید کہا کہ توانائی ،دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور حکومت اس پر عمل پیرا ہے ۔

وزیرا عظم نے مزید کہا کہ مجھے صحت کے چند مسائل درپیش ہیں،اسلئے ڈاکٹرز نے آپریشن ضروری قرار دیا ہے ۔اس موقعے پر انہوں نے قوم ،کارکنان ،میڈیا اور اپنے رفقاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایساوقت کئی بار آیا جب قوم نے میری لئے دعا کی اور یہ دعائیں میرے لئے اثاثہ ہیں ۔