پاک افغان سرحد طورخم پر سفری دستاویزات کے بغیر پابندی عائد

شائع 01 جون 2016 04:48pm
pakafgan_image فائل فوٹو

 پشاور :پاک افغان سرحد طورخم پر بغیر سفری دستاویزات کے پاکستان میں داخل ہونے کی مہلت ختم ہوگئی۔ اب بغیر سفری دستاویزات کے افغانستان سے کوئی پاکستان میں داخل نہیں ہوسکے گا۔

پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغانستان سے جڑنے کے بعد بارڈر منیجمنٹ نے اقدامات شروع کردیے،دونوں طرف کے حکام کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ بغیر سفری دستاویزات کے آمدورفت پر پابندی عائد کی جائے تاہم افغان حکام کے کہنے پر کئی بار رعایت دیتے ہوئے ڈیڈلائن آگے بھی بڑھائی گئی، جس کے بعد آج سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز حکام نے خیبر ایجنسی میں پاک افغان باڈر طورخم پر بغیر سفری دستاویزات کے پاکستان میں داخلے پر پابندی نافذ کردی۔

طورخم بارڈر پر پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کے بغیر افغانستان سے پاکستان آنے والے افغان باشندوں کو واپس بھیجا جارہا ہے۔صبح سے ہی دونوں اطراف پر سیکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پاک افغان بارڈر پر دونوں جانب سے روزانہ پچیس ہزار افغانیوں کی پاکستان میں انٹری ہوتی تھی اور اس میں صرف دس فیصد کے پاس سفری دستاویزات ہوتے ہیں۔