وزیر اعظم نواز شریف تیزی سے روبصحت،دوڈرین ٹیوبز ہٹادی گئیں
وزیراعظم نواز شریف تیزی سے رو بصحت ہیں، ڈاکٹرز نے آج انھیں تھوڑی دیر کیلئے بستر پر بٹھایا، دو ڈرین ٹیوبز ہٹادی گئی ہیں اور کل انھیں آئی سی یو کمرے میں شفٹ کردیا جائے گا۔
منگل کو ہونے والا وزیراعظم کے دل کا آپریشن کامیاب رہا، اور وہ اب تیزی سے بہتر ہورہے ہیں،مریم نواز نے اپنے ٹوئیٹ میں وزیراعظم کی صحت سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم تیزی سے رو بصحت ہیں، صبح کو ڈاکٹرز نے ان کا چیک اپ کیا۔تاہم میاں نوازشریف کو ابھی مزید چوبیس گھنٹے آئی سی یو میں رکھا جائے گا، ان کی دو ڈرین ٹیوبز کو نکال دیا گیا ہے۔
ڈاکٹروں نے انھیں مختصر وقت کیلئے بستر پر بھی بٹھایا۔ مریم نواز نے بتایا کہ ان کی کچھ دیر کیلئے والد صاحب سے بات بھی ہوئی،ٹیوبز لگانے کی وجہ سے وزیراعظم کو گلے میں کچھ تکلیف کی شکایت ہے لیکن مجموعی طور پر ان کی صحت بہت بہتر ہے اور انھیں جمعرات کو کمرے میں منتقل کردیا جائے گا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بھی وزیراعظم کی صحت سے متعلق کہا کہ نوازشریف بہت تیزی سے ریکور کر رہے ہیں،امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور امریکی وزیرخارجہ کی طرف سے وزیراعظم نوازشریف کی خیریت دریافت کی۔انھوں نے کے وزیراعظم کے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور جان کیری کی جانب سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے والے تمام افراد کا اپنے خاندان کی طرف سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم جلد وطن لوٹیں گے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔