عید میلاد النبی کی تیاریاں زور و شور سے جاری

شائع 23 دسمبر 2015 06:05am

celeberation_imageee
حافظ آباد:ملک بھر میں عیدمیلادالنبی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔حافظ آباد میں عید میلادالنبی، عقیدت ، احترام اور مذہبی جوش وجذبہ سے منانے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔

ملک کی مختلف دینی اورمذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے،شہر بھر میں مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے دیدہ زیب ماڈلز تیار کئے جا رہے ہیں۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح حافظ آباد میں بھی جشن عید میلاد النبی کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں،مختلف مذہبی و دینی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں،فضاءمرحبا مرحبا یا رسول اللہ کے فلک گاف نعروں سے گونج رہی ہے۔شہر کو خوبصورتی سے سجانے کا سلسلہ جاری ہے،شہر کے مختلف مقامات پر روضہ رسول اور خانہ کعبہ کے ماڈلز تیار کئے جا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں اور گلی محلوں کو خوبصورتی سے سجاکر آمد مصطفٰی کا جشن مناتے ہیں۔مقامی علماءکا کہنا ہے کہ رسول پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر پیار و محبت میں اضافہ اور نفرتیں ختم کی جاسکتی ہیں۔عید میلادالنبی عالم اسلام کیلئے خوشیوں کا دن ہے، شہریوں کے مطابق آمد مصطفٰی کا جشن مناکر انہیں دلی سکون ملتا ہے۔