لودھراں :ضمنی الیکشن ،پولنگ کا عمل جاری

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2015 07:22am

pk_imagee

لودھراں :دو ہزار پندرہ کے آخری ضمنی الیکشن کیلئے لودھراں کے حلقہ این اے ایک سو چون میں پولنگ کا عمل جاری ہے، چار لاکھ انیس ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے امیدوار میدان مارنے کیلئے پرعزم ہیں۔لودھراں کے حلقہ این اے ایک سو چون سے دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہونیوالے صدیق بلوچ نااہلی کے بعد تیسری بار فتح حاصل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد میں مصروف ہیں۔عام انتخابات میں چودہ ہزار کے واضح مارجن سے شکست کھانے والے تحریک انصاف کے امیدوار جہانگیر ترین بھی اپنی سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں،ووٹرز بھی پسندیدہ امیدوار کے انتخاب کیلئے حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں اور بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز کے باہر دکھائی دے رہے ہیں۔

امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج اور پولیس کے جوانوں کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے۔ووٹرز کا کہنا ہے کہ فوج کی نگرانی میں انتخابات سے دھاندلی کے امکانات ختم ہو گئے۔خواتین کی بھی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز پر دکھائی دے رہی ہے، عوام کو توقع ہے کہ حلقے میں سخت مقابلے کیساتھ ایک بہتر ٹرن آو¿ٹ بھی دیکھنے کو ملے گا۔