پشاور سمیت ملک بھرمیں 17برس بعد ایک ساتھ روزہ رکھا گیا

اپ ڈیٹ 07 جون 2016 04:58am
فائل فوٹو فائل فوٹو

پشاور:پشاور سمیت ملک بھر میں سترہ برس بعد ایک ساتھ روزہ رکھا گیا، ملک کے مختلف شہروں سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔

آندھی ، طوفان اور بارش سے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئیاں بھلے درست نہ ہوں،مگر اس بار رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔

کراچی ، لاہور ، اسلام آباد ، کوئٹہ ، اسکردو ، سکھر سمیت ملک کے مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں،جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی الرحمن نے باضابطہ اعلان کیا۔

اس طرح سترہ سال بعد پشاور سمیت ملک بھر میں آج پہلا روزہ ہے،مفتی منیب کے مطابق ،ملک کے مختلف مقامات پر واضح طور پر چاند نظر آیا اور رمضان المبارک کے چاند کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا۔

مفتی منیب الرحمن نے تعاون کرنے پر پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا شکریہ بھی ادا کیا،ماہ مقدس کا چاند نظر آتے ہی لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور گلے ملے۔

رمضان کا چاند نظر آتے ہی لوگوں نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی۔