بلوچستان میں ڈرون حملہ ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار
فائل فوٹو
اسلام آباد:ملکی سیاسی و عسکری رہنماؤں نے بلوچستان پر ڈرون حملے کو ملک کی سالمیت اور خودمختاری کی واضح خلاف ورزی قرار دیا اور واضح کیا کہ امریکی اقدام سے پاک امریکا باہمی اعتماد اور افغان مفاہمتی عمل کو شدید دھچکا لگا ہے۔
عسکری اور سیاسی قیادت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں دیگر شرکا کے ساتھ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر قیمت پر قومی مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اور ملکی اْمور میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس نے ڈرون حملے کو سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو دھچکا لگا اور پاک امریکا اعتماد میں بھی کمی آئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق خطے میں رونما حالیہ تبدیلیوں کے جائزے سمیت اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔یہ عزم بھی کیا گیا کہ وطن دشمن خفیہ ایجنسیوں کے نیٹ ورکس اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
اجلاس میں داخلی و بیرونی خطرات، سیکیورٹی معاملات اور سی پیک پر بات کی گئی اورآپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں دیرپا بنانے کا عزم بھی کیا گیا۔ اجلاس میں وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔
۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔