اپنا پسندیدہ کھانا بھی کھائیں اور وزن بھی گھٹائیں

شائع 11 اگست 2016 10:59am
فائل فوٹو فائل فوٹو

صحت مند رہنے کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، لیکن بعض اوقات یہ کام بہت مشکل نظر آتا ہے۔

لوگ بہت محنت کے ساتھ ڈائٹنگ کرنے کےلیے سخت نیا ڈائٹ پلان تیار کرتے ہیں اور جم میں داخلہ لیتے ہیں، لیکن دفتر میں ذرا سی بے احتیاطی آپ کا سارا ڈائٹ پلان خراب کردیتی ہے۔

اب بڑھے ہوئے وزن سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آج ہم آپ کو ڈائٹنگ کا ایسا طریقہ بتائیں جس سے نہ صرف آپ کا وزن کم ہوگابلکہ اس ڈائٹنگ میں آپ اپنا پسندیدہ کھانا بھی کھا سکتے ہیں۔

وہ طریقہ کار کیا ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

٭ اپنے ڈائٹ پلان میں ہر طرح کے کھانے کو شامل کریں۔ کوشش کریں کہ کھانا کھاتے ہوئےمختلف پورشنز بنالیں ، ان پورشنز میں پھل سبزیوں اور پروٹین کے ساتھ ساتھ چاکلیٹ کو بھی شامل کریں۔ذرا سی مقدار میں میٹھا کھالینے سے آپ کا ڈائٹ پلان خراب نہیں ہوگا اور اس عمل سے آپ کا وزن بھی کم ہوجائے گا۔

٭ ہلکی پھلکی ورزش اپنے روٹین میں شامل رکھیں ، چاہے وہ جم میں آدھے گھنٹے کا ورک آوٹ ہو یا پھر 10 منٹ کی چہل قدمی ہو۔

٭ اپنا ڈائٹ پلان بنانے سے پہلے اپنے پسندیدہ اور ناپسندیدہ کھانوں کی ایک لسٹ تیار کرلیں۔ وہ کھانے جن کو کھائے بغیر آپ کا گزارہ ہوسکتا ہے تو ان کھانوں کو اپنی ڈائٹ پلان میں شامل نہ کریں۔

وہ کھانے جن کو کھائے بغیر آپ کا گزارہ ناممکن ہے تو ان کو اپنے ڈائٹ پلان میں شامل کرلیں، مثال کے طور پر اگر آپ کو پیزا بےحد پسند ہے تو پیزا نئے اور صحت بخش اجزاء سے بناکر اپنے ڈائٹ پلان میں شامل کرسکتے ہیں۔

٭ اپنی ڈائٹنگ کا کھانا خود تیار کریں، ایسا کرنے سے آپ اپنے کھانے کو نئے طریقوں سے بناسکتے ہیں ۔

٭ کھانے کے دوران چھوٹے چھوٹے اسنیکس بھی کھاتے رہیں۔ اس سے آپ کو زیادہ بھوک نہیں لگے گی اور آپ زیادہ کھانا کھانے سے بچے رہیں گے۔

٭جب بھی مہینے کا سودا لینے جائیں تو فضول چیزوں کو خریدنے سے گریز کریں۔ کوشش کریں کہ صرف وہی چیزیں خریدیں جو آپ کے ڈائٹ پلان میں شامل ہیں۔

٭ اپنے ہر کھانے میں سبزیوں کو شامل رکھیں۔ سبزیوں سے بہت جلدی وزن کم ہوتا ہے اور کیلوریز کم ہوتی ہیں، سبزیوں میں کیلوریز کم ہوتی ہیں اور یہ فائبر اور غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں جوکہ انسانی جسم کےلیے بے حد فائدہ مند ہیں۔ اپنے ڈائٹ پلان میں سلاد کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ۔

نوٹ: یہ مضمون محض عام معلومات کےلیے ہے، اس پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرلیں۔