شاہ رخ خان کوایک بار پھر امریکی ائیر پورٹ پر روک لیا گیا

شائع 12 اگست 2016 07:07am

srk00000000

ممبئی:بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار شاہ رخ خان کہنے کو تو بولی وڈ کے کنگ ہیں ،ان کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے،جو ان پر جان چھڑکنے کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں ۔

بھارتی عوام انہیں نہ صرف چاہتے ہیں بلکہ ان کی پوجا کرتے ہیں ،لیکن یہ بھی سچ ہے کہ امریکا میں انہیں صرف مسلمان ہونے پر کئی بار تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایسا ہی کچھ گزشتہ رات ہوا ،جب شاہ رخ خان بھارت سے امریکا پہنچے جہاں لاس اینجلس ائیر پورٹ پر امریکی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے انہیں روک کر پوچھ تاچھ کا سلسلہ شروع کردیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق کنگ خان نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ' میں دنیا میں سیکیورٹی کے طریقہ کار اور معاملات کو سمجھتا ہوں اور اس  کی عزت کرتا ہوں ، لیکن امریکی امیگریشن حکام مجھے کیوں حراست میں لے لیتی ہے ،یہ بات میری سمجھ سے باہر ہےاور افسوس ناک ہے'۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ شاہ رخ خان کو امریکا میں ائیر پورٹ پر روکا گیا ہو اور ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ہو،اس سے پہلے 2012 میں بھی انہیں ائیر پورٹ پر روکا گیا تھا ۔

تاہم امریکی حکام نے کنگ خان سے معافی مانگ لی تھی،اس حوالے سے شاہ رخ خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا انہیں بناء کسی وجہ کے ائیر پورٹ پر گھنٹوں انتظار کرنا  سخت برا لگتا ہے۔

اس کے علاوہ 2009 میں بھی انہیں نیوارک لبرٹی انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر روکا گیا تھا اور وجہ یہ بیان کی گئی تھی کہ ان کا نام مشتبہ افراد کی فہرست میں شامل ہے،خیال رہے کہ کنگ خان کے نام کے ساتھ 'خان ' کا لفظ ان کے مسلمان ہونے کا ثبوت ہےاور یہ ہی وجہ ہے کہ انہیں بار بار ائیر پورٹ پر روک کر پوچھ تاچھ کی جاتی ہے۔

I fully understand & respect security with the way the world is, but to be detained at US immigration every damn time really really sucks.