مقبوضہ کشمیرکی انتہائی نازک صورتحال پرنگاہ رکھے ہوئے ہیں،پاکستان
فائل فوٹواسلام آباد:پاکستان نے کہاکہ بلوچستان بھرمیں ہونے والے بھارت مخالف بھرپورعوامی مظاہروں نے وزیراعظم نریندرمودی کے بیان کا جواب دیدیا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیرکی موجودہ انتہائی نازک صورتحال پرمکمل گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔
ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے اسلام آباد میں نیوزبریفنگ کے دوران بتایاکہ مقبوضہ کشمیرکی حالیہ احتجاجی تحریک میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 80 کشمیری شہید ہوئے ۔ چھروں والی بندوق کے استعمال سے 500افراد کی بینائی متاثرہوئی ۔
میڈیا بھی مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیاکو آگاہ کررہا ہے ، بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث اس مسئلہ کا حل نہیں نکل رہا ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو کشمیر کی تمام تر صورتحال پراعتماد میں لے لیا ہے، بھارتی مظالم کیخلاف تمام اہم فورموں پر بات کی جارہی ہے ۔
ترجمان دفترخارجہ نے کراچی کے حالات اور ایم کیوایم سے متعلق سوال پر بتایا کہ اس مسئلہ پر وزارت داخلہ معاملات دیکھ رہی ہے، پہلے بھی کئی باریہ معاملہ برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھایا جاچکا ہے۔
بھارت کی جانب سے افغانستان کو اسلحہ فراہمی کے معاملہ پرترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی کے دو طرفہ معاہدوں پرکوئی اعتراض نہیں تاہم افغانستان کی سرزمین کو ہمارے کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
نفیس ذکریا نے بتایاکہ نیوکلئرسپلائر گروپ کی رکنیت میں حمایت حاصل کرنے کیلئے معاون خصوصی طارق فاطمی ان دنوں غیرملکی دورے پر ہیں ۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔