ہالی ووڈ اداکارہ لنزے لوہان کی اپیل مسترد

شائع 04 ستمبر 2016 04:04pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

نیویارک کی ایک عدالت نے ایک گیمنگ کمپنی کے خلاف ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ لنزے لوہان کی اپیل مسترد کر دی ہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق لوہان نے راک سٹار گیمز کی مالک کمپنی ٹیک ٹو انٹرایکٹیو سافٹ ویئرز کے خلاف اپیل دائر کی تھی کیونکہ ان کے خیال گیم میں ایک کردار بالکل اُن کا ہمشکل ہے۔

اس کمپنی کے گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 5 میں ایک کردار لیسی جونا کا ہے جو اداکارہ ہیں۔ لوہان کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ کردار ان کی سنہ2007میں لی جانے والی ایک تصویر پر مبنی ہے۔تاہم عدالت نے جمعرات کو لوہان کی اپیل خارج کر دی۔

ججوں نے وضاحت کی کہ اس ویڈیو گیم کی منفرد کہانی، کردار، مکالمے اور ماحول ہے، جو کھلاڑی کی کھیلنے کی حکمت عملی کے ساتھ مل کر اسے خیالی اور طنزیہ بناتے ہیں۔

عدالت کے اس فیصلے سے پہلے راک سٹار گیمز بنانے والی کمپنی کا کہنا تھا کہ اُن کے خیال میں لنزے لوہان نے شہرت حاصل کرنے کیلئے اُن کے خلاف قانونی شکایت دائر کی ہے۔

گرینڈ تھیفٹ آٹو 5 نامی گیم سنہ 2013 میں ریلیز ہوا تھا اور اپنی فروخت کے پہلے پانچ دنوں میں اس نے 50 کروڑ پاؤنڈ کمائے تھے۔

لنزے لوہان کئی مقدمات میں سزا کاٹنے اور بحالی کے مرکز میں وقت گزارنے کے بعد ان دنوں لندن میں مقیم ہیں۔

لندن میں سنہ 2014 میں ہونے والے شو میں وہ نظر آئی تھیں اس شو کے بارے میں ناظرین نے ملی جلی رائے کا اظہار کیا تھا۔