پاکستان اور بھارت دشمن بن کر نہیں رہ سکتے،نواز شریف

شائع 30 دسمبر 2015 12:57pm

nawaz-sharif

ژوب:وزیراعظم نے ژوب میں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، نواز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبے سے بلوچستان میں بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گا، پاکستان اور بھارت دشمن بن کر نہیں رہ سکتے۔

وزیراعظم کا ژوب میں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں گوادر سے کراچی تک موٹروے بنانے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے بلوچستان میں بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گا اور پورے پاکستان میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے اور ملکی ترقی کے لیے سب کی حمایت ضروری ہے،ہمیں تاجکستان،ازبکستان اور ترکمانستان تک جانا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں،دونوں ممالک میں امن وقت کی ضرورت ہے،دشمن بن کر نہیں رہ سکتے۔

نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں 200 ارب روپے سڑکوں پر خرچ کر رہے ہیں، گوادر صرف پاکستان نہیں پورے خطے کے ساتھ منسلک ہو گا۔