نیشنل ایکشن پلان پرسیاست نہ کی جائے،وزیرداخلہ

شائع 30 دسمبر 2015 04:17pm

chudar7y-nisarf1

اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر کسی قسم کی سیاست نہ کی جائے، پلان کے بیس نکات میں سے پندرہ پرعمل درآمد اطمینان بخش ہے لیکن پانچ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے،چوہدری نثار کہتے ہیں مولانا عبدالعزیز کیخلاف ثبوت ملے تو ضرور کارروائی کریں گے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار نے سینیٹ میں نیشنل ایکشن پلان پر پالیسی بیان دیدیا،انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر کسی قسم کی سیاست نہ کی جائے،قومی سلامتی کے اس ایجنڈے پر عمل درآمد سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزیرداخلہ نے کہا کہ نیپ کے پندرہ نکات پر عملدرآمد قابل اطمینان جبکہ پلان نکات پر بہتری کی ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فوجی آپریشن سے امن قائم نہیں ہوسکتا،وفاق کی آٹھ وزارتیں بھی نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں،وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمارے دور میں سرکاری زمین پر قبضے کر کے مدرسے نہیں بنائے گئے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز کو سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے،جو کہتے ہیں مولانا عبدالعزیز کیخلاف کیس کیا جائے وہ مجھ سے رابطہ کریں،مولانا کے خلاف ثبوت دیں انکے خلاف کارروائی کریں گے۔

چوہدری نثار نے مزید کہا کہ پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیز کارروائی کررہی ہیں، اگر آج ملک کے طول و عرض میں امن قائم ہوا ہے تو اس میں سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسی کا کردار ہے۔