ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کے وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی : کراچی میں ڈاکٹر عاصم کے مقدمے کی سماعت کرنے والی عدالت نے ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر سمیت پانچ افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔
پولیس نے ڈاکٹر عاصم کو انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 2 کی جج خالدہ یاسین کے سامنے پیش کیا۔
تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین نے مقدمہ کی ایف آئی آر سمیت دیگر دستاویزات پیش کیں تو عدالت کو علم ہوا کہ مقدمہ میں چھ مزید ملزمان بھی نامزد ہیں۔
عدالت نے سابقہ سماعت کے دوران دیگر ملزمان کے نام نہ بتانے پر برہمی کا اظہار اور ملزمان وسیم اختر، انیس قائم خانی، سلیم شہزاد، عبدالقادر پٹیل اور پاسبان کے رہنما عثمان معظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایک ملزم عبدالروف صدیقی اس مقدمہ میں ضمانت پر ہیں۔جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔
ڈاکٹر عاصم کے وکیل کی جانب سے مقدمہ کے گواہان کے بیانات فراہم نہ کرنے کی شکایت کی گئی،جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو 10 منٹ میں بیانات کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا۔
وقفہ کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ڈاکٹر عاصم نے گواہوں کے فراہم کردہ بیانات کو نامکمل قرار دیا،جس پر عدالت نے 8 جنوری تک مکمل بیانات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔