پاکستان اورایران دونئی سرحدیں کھولنےپرمتفق

شائع 07 جنوری 2016 07:59am

pak-iran-border

اسلام آباد:پاکستان اور ایران نے باہمی تجارت کے فروغ کے لئے مزید دو نئی سرحدیں کھولنے پر اتفاق کر لیا، پاکستان میں بجلی کی قلت کے باعث رواں ماہ ایران سے مزید سو میگاواٹ بجلی درآمد کی جائے گی۔

خلیج ٹائمز کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران سے توانائی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے بات چیت جاری ہے، رواں ماہ ایران سے بجلی کی درآمد سو میگاواٹ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسے بعد میں ایک ہزار سے تین ہزار میگاواٹ تک بڑھایا جائے گا۔ اس وقت ایران پاکستان کے ساحلی علاقے مکران کو چوہتر میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ ایران سے گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کے لئے بھی بات چیت جارہی ہے، پہلے مرحلے میں گوادر سے نواب شاہ تک گیس پائپ لائن تعمیر کی جائیگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایرانی سرحد پر اسی کلومیٹر طویل پائپ لائن تعمیر کی جائے گی، اس کے علاوہ دونوں ملکوں نے دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے مند اور پشین اور گبد ریمدان کے درمیان نئی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے گوادر اور چاہ بہار بندرگاہ میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔