سجل علی کی پہلی بھارتی فلم کا معمہ حل ہوگیا

شائع 21 جنوری 2017 10:35am
ف فائل فوٹو

ممبئی: پاک بھارت کشیدگی کی زد میں جہاں عام شہری آئے وہاں پاکستانی اداکار بھی اس کشیدگی کا شکار ہوئے تھے۔

کرن جوہر کی 'اے دل ہے مشکل' اور شاہ رخ خان کی 'رئیس' میں پاکستانی اداکاروں کی موجودگی سے ان فلموں کو ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی کشیدگی  کے بعد اب برف پگھلتی نظر آنے لگی ہے۔

بھارتی اداکارہ سری دیوی کی پروڈکشن میں بننے والی فلم'مام'میں پاکستانی اداکارہ سجل علی اور عدنان صدیقی بھی کام کررہے تھے لیکن کشیدگی کے باعث دونوں اداکاروں کو ملک واپس آنا پڑا  اور شوٹنگ کا معاملہ اٹک گیا۔

لیکن ذرائع کے مطابق دونوں اداکاروں کو بھارتی ویزا دوبارہ جاری کرنے کی یقین دہانی کردی گئی ہے اور ممکن ہے کہ دونوں اداکار اگلے ماہ فلم کی شوٹنگ کےلئے بھارت روانہ ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی اداکارہ سجل علی اس فلم میں سری دیوی کی بیٹی کا کردار نبھارہی ہیں۔ یہ فلم مئی 2017 میں ریلیز کردی جائے گی۔

 DNA INDIA :بشکریہ