’جھگڑا اتنا نہیں تھا جتنا بنا دیا گیا‘
شاہ رخ خان اور سلمان خان کا جھگڑا ایک عرصے تک سرخیوں کی زینت بنتا رہا ہے۔ تاہم اب دونوں سپر اسٹار گلے شکوے بھلا کر پھر سے دوستی کا دامن تھام چکے ہیں۔
سلمان خان کے شو 'بگ باس' میں شرکت کرنے والے شاہ رخ خان کو شرمندگی ہے کہ سلمان خان کے ساتھ 'رائی کے دانے جتنے اختلافات کو لوگوں نے پہاڑ جیسا جھگڑا سمجھ لیا'۔
شاہ رخ اور سلمان کافی عرصے کے بعد بابا اعظمی کی پارٹی میں ملے تھے۔
شاہ رخ خان نے بی بی سی کو بتایا، 'ستاروں کے ساتھ مصیبت یہ ہے کہ اگر کچھ اچھا کرتے ہیں تو اسے بہت اچھا قرار دیا جاتا ہے۔ وہیں کچھ برا کرتے ہیں تو اسے بہت برا سمجھ لیا جاتا ہے۔ ہمارا جھگڑا اتنا بڑا نہیں تھا جتنا بنا دیا گیا۔ ہم دونوں ایک دوسرے سے اب بھی متفق نہیں ہیں، پر ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور ہمارے خاندانوں کے درمیان بہت محبت ہے۔'
'ڈیئر زندگی،' 'فین' اور 'رئیس' جیسی الگ سی فلموں کا حصہ رہنے والے شاہ رخ خان نے اس الزام کو رد کر دیا کہ وہ روہت شیٹی اور فرح خان جیسے ہدایت کاروں کی کمرشل فلموں سے دور جا رہے ہیں۔
شاہ رخ کا کہنا ہے کہ روہت اور فرح اسکرپٹ لے کر آئیں تو وہ ضرور کمرشل فلم کریں گے۔
شاہ رخ اس سے قبل فرح خان اور گوری شیندے جیسی خواتین ہدایت کاروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ خاتون ہدایت کارائیں بہت حساس ہوتی ہیں اور انہیں ان کے خیالات پسند آتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی خاتون ہدایت کار کے ساتھ ایکشن فلم بنائیں۔
کیرئیر کے اس پڑاؤ پر شاہ رخ خان اداکار کے طور پر خود کو مطمئن محسوس کرتے ہیں۔ کبھی ہدایت کاری کا خیال رکھنے والے شاہ رخ خان فی الحال اداکاری میں اتنے مصروف ہیں کہ وہ کیمرے کے پیچھے نہیں جانا چاہتے۔
شاہ رخ کہتے ہیں کہ اس مقام پر پہنچ کر انہیں کوئی خوف پریشان نہیں کرتا لیکن اپنے بچوں کی صحت کی فکر ضرور رہتی ہے۔
اسٹار بننے کے نفع نقصان پر بات کرتے ہوئے شاہ رخ کہتے ہیں: 'آپ جب اسٹار بن جاتے ہیں تو اس کے ساتھ بہت سی چیزیں بن بلائے بھی آ جاتی ہیں۔ آپ کی زندگی لوگوں کی بھی بن جاتی ہے اور اس پر میں شکایت نہیں کر سکتا کیونکہ اسٹار بننا میرا فیصلہ تھا۔ مجھے اسٹار بننا پسند ہے تو اس سے منسلک پریشانیوں کو بھی اپنانا پڑے گا۔ وقت اور صبر کے ساتھ آپ اسے سنبھالنا سیکھ جاتے ہیں۔'
بشکریہ:بی بی سی اردو

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔