لا لا لینڈ' 14 نامزدگیوں کے ساتھ سب سے آگے'
ہالی وڈ کے معروف آسکر ایوارڈز کے لیے حتمی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے اور گولڈن گلوب ایوارڈز میں تاریخ رقم کرنے والی فلم 'لا لا لینڈ' سب سے زیادہ آسکرز نامزدگیاں حاصل کرنے والی میوزیکل فلم بن گئی ہے۔
رومانوی فلم 'لا لا لینڈ' کو 14 زمروں میں آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور اس طرح نہ صرف اس نے میری پوپنز نامی میوزیکل فلم کا 13 زمروں میں نامزدگی کا ریکارڈ توڑا ہے بلکہ آسکرز میں مجموعی نامزدگیوں کا ریکارڈ برابر بھی کیا ہے۔
اس سے قبل 'ٹائی ٹینک' اور 'آل اباؤٹ ایوو' نامی فلمیں بھی 14 زمروں میں آسکرز کی نامزدگیاں حاصل کر چکی ہیں۔
میرل سٹریپ کو 20ویں مرتبہ آسکرز کی نامزدگی ملی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے'لا لا لینڈ' کو بہترین فلم کے علاوہ اس کے ہدایت کار ڈیمیئن چیزیل اور مرکزی کرداروں ایما سٹون اور رائن گوسلنگ کو بہترین اداکارہ اور اداکار کے ایوارڈ کے لیے نامزدگی ملی ہے۔
بہترین فلم کے ایوارڈ کے لیے اس سال کُل نو فلموں کو نامزدگی ملی ہے جن میں 'لا لا لینڈ' کے علاوہ منشیات کا شکار امریکی شہر میامی میں اپنی جنسیت سے نبرد آزما ایک سیاہ فام نوجوان کی کہانی 'مون لائٹ'، معروف اداکار میل گبسن کی بطور ہدایت کار فلم 'ہیکسا رِج'، سائنس فکشن فلم 'ارائیول'، 'مانچسٹر بائی دا سی'، 'ہیل اور ہائی واٹر'، اداکار ڈینزل واشنگٹن کی بطور ہدایت کار فلم 'فینسز'، 'ہڈن فگرز' اور 'لائن' شامل ہیں۔
بہترین ہدایت کار کے لیے جو افراد نامزد کیے گئے ہیں ان میں میل گبسن اور ڈیمیئن چیزیل کے علاوہ ڈینیس ویلینوو (ارائیول)، کینتھ لورنرگن (مانچسٹر بائی دا سی) اور بیرن جینکنز (مون لائٹ) شامل ہیں۔
نیٹلی پورٹمین نے فلم جیکی میں جے ایف کینیڈی کی اہلیہ کا کردار ادا کیا ہےبہترین اداکارہ کے زمرے میں 'لا لا لینڈ' کے لیے نامزد ہونے والی ایما سٹون اور نیٹلی پورٹ مین کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ نیٹلی نے فلم 'جیکی' میں سابق خاتونِ اول جیکولین کینیڈی کا کردار نبھایا ہے۔
ان کے علاوہ نامزد ہونے والی فنکاراؤں میں ایزابیل ہوپرٹ (ایل)، روتھ نیگا( لوونگ) اور میرل سٹریپ( فلورنس فوسٹر جینکنز) شامل ہیں۔
رواں ماہ کے وسط میں گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف اپنی تقریر سے خبروں میں آنے والی میرل سٹریپ کی آسکرز کے لیے یہ 20ویں نامزدگی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
ارائیول کی اسٹار ایمی ایڈمز کو پانچ بار نامزدگی مل چکی ہے لیکن انہیں انعام کبھی نہیں مل سکا ہےبہترین اداکاروں میں رائن گوسلنگ کا مقابلہ کیسی ایفلک( مانچسٹر بائی دا سی)، اینڈریو گارفیلڈ (ہیکسا رج)، ویگو مورٹنسن (کیپٹن فینٹاسٹک) اور ڈینزل واشنگٹن (فینسز) سے ہے۔
بہترین معاون اداکار کے زمرے نامزدگی پانے والوں میں ایک حیران کن نام دیو پٹیل کا ہے جنہیں فلم 'لائن' کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان کے علاوہ مہرشالہ علی (مون لائٹ)، جیف بریجز ( ہیل اور ہائی واٹر)، لوکاس ہیجز (مانچسٹر بائی دا سی) اور مائیکل شینن (نکٹرنل اینیملز) بھی نامزد ہونے والوں میں شامل ہیں۔
ڈینزل واشنگٹن کو بطور اداکاری کے زمرے میں نامزد کیا جا سکتا ہےبہترن معاون اداکارہ کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والوں میں وایولا ڈیوس (فینسز)، نوامی ہیرس (مون لائٹ)، نکول کڈمین (لائن)، مشیل ولیمز( مانچسٹر بائی دا سی) اور آکٹویا سپنسر (ہڈن فگرز) شامل ہیں۔
خیال رہے کہ دو سال سے کسی بھی سیاہ فام اداکار کو آسکرز میں نامزدگی نہیں مل رہی تھی لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا اور ڈینزل واشنگٹن، وایولا ڈیوس، نوامی ہیرس، مہرشالہ علی اور آکٹویا سپنسر نامزد ہوئے ہیں۔
بہترین غیر ملکی فلم کے لیے ایرانی فلم 'دا سیلز مین' کے علاوہ سویڈن کی ' اے مین کالڈ اوو'، ڈنمارک کی 'لینڈ آف مائن'، آسٹریلیا کی 'تنّا' اور جرمن فلم 'ٹونی اردمان' کو نامزد کیا گیا ہے۔
بشکریہ:بی بی سی اردو

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔