بھارتی میڈیا کی ماہرہ خان پر کڑی تنقید

شائع 25 جنوری 2017 02:23pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

فلم ریئس  شاہ رخ  خان اور ماہرہ خان کے مداحوں کو  طویل  انتظار کروانے کے بعد بلا آخر  25جنوری کودنیا بھر میں ریلیز کر دی گئی۔

فلم  کے ذریعے بولی وڈ کیریئر کا آغاز کرنے والی پاکستانی اداکارہ  ماہرہ  کنگ خان کی بیوی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

ریلیز کے پہلے دن  انڈین میڈیا نے  فلم کے بارے میں اپنے تاثرات دیتے ہوئے ماہرہ پر خوب تنقید کی  اور ان کے کردار کو 'غیر اہم' قرار دیا ہے۔

بولی وڈ لائف نے ماہرہ کے کردار کو 'شوپیس 'کہا، جبکہ ہندوستان ٹائمز نے 'ایکسٹرا' کردار سے تعبیر کیا۔

اسی طرح، پنک ولا اور ٹائمز آف انڈیا نے لکھا کہ 'ماہرہ نے فلم کیلئے کچھ خاص نہیں کیا'۔

ڈی این اے کے مطابق فلم میں  ماہرہ کی شاہ  رخ کے ساتھ 'کوئی کیمسٹری  نظرنہیں آئی'۔

ممبئی مرر نے لکھا کہ 'ماہرہ خان کے ویزے پر اٹھنے والے اخراجات ضائع گئے جبکہ اداکارہ اس کا نصف بھی فلم میں ادا نہیں کر پائی ہیں'۔

جہاں  بھارتی میڈیا  کی اکثریت نے ماہرہ کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں ان کے حق میں اکا دکا تبصرے  بھی دیکھنے کو ملے۔

زی نیوز  نے انہیں' تازہ ہوا کا ایک جھونکا' قرار دیتے ہوئے کہا  کہ وہ ناظرین پر اپنا بہتر تاثر چھوڑنے پر کامیاب ہو گئیں ہیں۔

اسی طرح، دی فائنینشل ایکسپریس نے بھی ماہرہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'انہوں نے بولی وڈ کا فلمی آغاز چونکا دینے والا کیا  اور ہم امید کرتے ہیں کہ  پاکستانی اداکاروں کے خلاف یہ جنون ختم ہوجائے ، تو ہمیں اس زبردست اسٹار کا مزید اچھا کام دیکھنے کو ملے'۔