شون تے شان' عامر خان کے نئے روپ نے مداحوں کے دل جیت لیے'

اپ ڈیٹ 28 فروری 2017 11:38am

amir

ممبئی:بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کچھ نہ کچھ نیا کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے میڈیا سمیت تمام لوگوں کی توجہ مرکز بن جاتے ہیں،کچھ عرصے قبل  وہ سوشل میڈیا پر'سکھ'کے روپ میں نظر آئے۔

ان کا یہ روپ بہت ہی مختلف تھا جسے دیکھ کر لوگ یہ سوچنے پر مجبور  ہوگئے کہ شاید انہوں نے یہ انداز اپنی آنے والی فلم 'ٹھگ آف ہندوستان'کے لیے اپنایا ہے لیکن یہ افواہیں غلط ثابت ہوئیں۔

بولی وڈ ببل کے مطابق  عامر نے نیا روپ( جس میں وہ سکھ بنے ہیں )کسی فلم کے لیے نہیں بلکہ ایک اشتہارکے لیے اپنایا ہے،اشتہار میں عامر خان مٹھائی بیچتے نظر آرہے ہیں جس میں ان کی بیٹیاں ان کی مدد کرتی ہیں۔

عامر نے ٹویٹر پر  اشتہار شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا ہے'شون تے شان،نئی سوچ لَو'۔

اشتہار  ایک باپ اور اس کی دو بیٹیوں  کے گرد گھومتا ہے  جو اپنے  والد کے بزنس میں بالکل بیٹوں کی طرح مدد کرتی ہیں،جبکہ عامر کو اپنی بیٹیوں پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ اشتہار خان  کی گزشتہ سال ریلیز ہوئی فلم 'دنگل'کی یاد دلاتا ہے،اس اشتہار کے ذریعے ان تمام لوگوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے جو بیٹوں کو بیٹیوں پر فوقیت دیتے ہیں  اور ان کی صلاحیتوں کو نظر انداز کرتے ہیں،عامر کی اس کوشش کو  سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ سراہا جا رہا ہے۔