پریانکا کہنے پر دیپیکا پڈوکون غصے پر قابو نہ رکھ سکیں
ممبئی:چاہے آپ اسے تعصب پسندی کہیں ،نظر انداز کرنا کہیں ،غلطی کہیں ،یا کچھ بھی کہیں ،غیر ملکی میڈیا کافی عرصے سے یہ سب کچھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ کرتا آرہا ہے،یہ سب کہنا ہے بھارتی ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق حال ہی میں دیپیکا پڈوکون اپنی فلم ٹرپل ایکس کی وجہ سے بھارت کے ساتھ بیرون ملک بھی کافی مقبول ہوگئی ہیں،لیکن اداکارہ پریانکا چوپڑاچونکہ دیپیکا سے پہلے سے ہالی وڈ میں کام کررہی ہیں لہٰذا انہیں امریکا میں زیادہ لوگ جانتے ہیں۔
حال ہی میں دیپیکا پڈوکون لاس اینجلس ائیر پورٹ پر موجود تھیں جب انہیں لوگوں نے پریانکا کہہ کر پکارنا شروع کردیا ،وہاں موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ دیکھو وہ پریانکا چوپڑا ہیں ،پریانکا واپس آگئی ہیں ،دیپیکا نے یہ سب دیکھا لیکن بناء کچھ کہے چپ چاپ وہاں سے چلی گئیں ۔لیکن ان کے چہرے سے صاف ظاہر تھا کہ انہیں یہ بات بہت بری لگی ہے کہ انہیں پریانکا کہہ کر پکارا جارہا ہے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے جب دیپیکا کو پریانکا کہہ کر بلایا گیا ہو ،اس سے قبل جب وہ اپنی فلم ٹرپل ایکس کی ہالی وڈ اداکار ون ڈیزل کے ساتھ تشہیر کررہی تھیں اس وقت بھی انہیں ان تمام باتوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے پہلے بھی دیپیکا اپنا موازنہ پریانکا کے ساتھ کرنے پر غصے میں آگئی تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ ،میں ذاتی طور پر یہ بات جانتی ہوں کہ پریانکا چوپڑا بہت اچھی ہیں،میرا ان سے موازنہ کرنا بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے ،یہ سب بہت عجیب ہے ،ہم دونوں کے کام کرنے کا انداز بالکل مختلف ہے ،وہ اپنے طریقے سے کام کرتی ہیں اور میرا کام کرنے کا طریقہ بالکل الگ ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔