گردشی قرضہ پانچ سوارب روپے سے تجاوزکرگیا ،خورشید شاہ

شائع 13 جنوری 2016 12:58pm

khursheed

اسلام آباد:اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ گردشی قرضہ پانچ سوارب روپے سے تجاوزکرگیا ، تیل سستا ہونے کے باوجود بجلی کی قیمتیں کم نہیں کی گئیں ،بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں اقتصادی زون کا اعلان تو کردیا گیا مگر رقم کہاں ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف غریب پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں ،دوسری طرف ایمنسٹی اسکیم لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہیں مگر پاکستان میں پیٹرول چھہترروپے لیٹر ہے، بجلی کی قیمتیں بھی کم نہیں کی گئیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پرپوری قوم خوش تھی مگر ہمیں نہیں پتہ تھا کہ ٓیپ صرف مخصوص علاقوں میں خرچہ کریں گے، بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں اقتصادی زون کا اعلان تو کر دیا گیا لیکن ان کیلئے رقم کہاں ہے؟خورشید شاہ نے کہا کہ دو ہزارسات میں بجلی کا شارٹ فال چارہزارایک سومیگاواٹ تھا، آج پھرگردشی قرضہ پانچ سوارب روپے سے تجاوزکرگیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت وفاق اورصوبوں کے درمیان بد اعتمادی پیدا کررہی ہے۔