سعودیہ ایران میں کشیدگی افسوسناک ہے،شاہ محمود قریشی

شائع 13 جنوری 2016 05:39pm

shah

راولپنڈی:تحریک انصاف کے سینئر رہنماء شاہ محمود قریشی کہتے ہیں سعودیہ ایران میں کشیدگی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم نواز شریف جدہ میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت سے قبل سیاسی قائدین کو اعتماد میں لیں۔

راولپنڈی میں تحریک انصاف کی سٹوڈنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدہ تجدید عہد طلبا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری پاکستان کا حق اور ترقی کی ضمانت ہے۔ صوبوں کے تحفظات کو دور کرنا حکومت کا فرض ہے۔ وفاق اپنے وعدے پورے کرے۔

انہوں نے کہا کہ سعودیہ سے ہمارے اسٹریٹجک تعلقات ہیں اورایران سے پاکستان کی سرحد ملتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی افسوسناک ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جدہ میں ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت سے قبل سعودیہ ایران کشیدگی اور چونتیس ملکی اتحاد سے جو مسائل سامنے آ رہے ہیں، ان پر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیں۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد،غلام سرورخان اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ نوجوان پی ٹی آئی کو آئندہ عام انتخابات میں کامیاب کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔