رواں سال آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے،رشی کپور

اپ ڈیٹ 06 اپريل 2017 04:33am

rishi1

ممبئی:بولی وڈ کے معروف اداکار رشی کپوراداکاری کےساتھ سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتے ہیں اور اکثر بہت سے معاملات پر کُھل کر اپنی رائے کا اظہار  کرتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے  ٹویٹر کے ذریعےآئی پی ایل(انڈین پریمئر لیگ)2017میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت  کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار نے منگل کے روز ٹویٹر پر  آئی پی ایل انتظامیہ   سے کہا کہ اس بار پاکستانیوں کھلاڑیوں کو بھی لیگ کا حصہ بنایا جائے،انہوں نے لکھا کہ"آئی پی ایل  میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو کھلایا جاتا ہے ،جبکہ اس بار افغانستان بھی لیگ میں شریک ہورہا ہے ،لہٰذامیری التجا ہے کہ  پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے ،پھر میچ ہوگا !ہم بڑے لوگ ہیں،پلیز"۔

یہ پہلی بار نہیں ہے جب رشی کپور نے لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کی بات کی ہے گزشتہ برس بھی انہوں نے ایسی ہی   درخواست کی تھی جسے اَن سنی کردیا گیا۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل   کے ذریعے قومی کھلاڑیوں کے ساتھ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے جبکہ لیگ میں بولی وڈ اداکاروں کی شمولیت سے گلیمر کا عنصر شامل ہوجاتا ہے جس کے باعث لوگ اس کی جانب زیادہ متوجہ ہوتے ہیں۔

لیکن بھارتی انتہا پسندانہ سوچ کے باعث  آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کو موقع نہیں دیا جاتا،واضح رہے کہ2010میں  آئی پی ایل کے تیسرے سیزن میں  11 پاکستانی کھلاڑیوں  پر بولی لگائی گئی تھی  ،لیکن کسی بھی فرنچائز نے  انہیں نہیں خریدا،لیگ مالکان کا کہنا تھا کہ   دونوں ممالک کے درمیان   کشیدہ تعلقات کے باعث انہوں نے کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا۔