Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی پیشگوئی 9 سال پرانی فلم میں۔۔۔؟

اپ ڈیٹ 03 فروری 2020 06:32am

چین سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیل جانے والے "ناول کورونا وائرس" کے نتیجے میں 9 سال پرانی ایک فلم ایک بار پھر دنیا بھر میں وائرل ہورہی ہے۔

ڈائریکٹر اسٹیون سودربرگ کی 2011 کی تھرلر فلم "کونٹیجن" کو چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نتیجے میں نئی زندگی مل گئی ہے اور حیران کن حد تک یہ اس وقت پھیلنے والے وائرس سے کافی ملتی جلتی ہے۔

اس فلم کا آغاز ایک خاتون سے ہوتا ہے جو ہانگ کانگ سے واپس مینیسوٹا ایک عجیب بیماری کے ساتھ واپس لوٹتی ہے، چند دنوں میں اس کی موت ہوجاتی ہے، جس کے بعد اس کے شوہر اور دیگر میں وہی علامات ظاہر ہوتی ہیں بلکہ دنیا بھر میں وبا پھیل جاتی ہے۔

اس فلم میں بدترین منظرنامے کی دہلا دینے والی جھلک دکھائی گئی ہے کہ کس طرح افواہیں اور تشویش پھیلتی ہے اور معاشرتی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے، قرنطینے کے ساتھ ساتھ لوٹ مار اور خالی ائیرپورٹس کے مناظر ریڑھ کی ہڈی میں سردلہر دوڑا دیتے ہیں۔

اس فلم کی کاسٹ بھی زبردست ہے جس میں میٹ ڈیمین، کیٹ ونسلیٹ، جوڈی لا، لورین فشنبرن، ماریون کوٹیلارڈ اور برائن کرانسٹن شامل ہیں۔

ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے اس خیال کو پوسٹ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایسا لگتا ہے جیسے فلم میں کورونا وائرس کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گوگل پر بھی اس فلم کے بارے میں سرچز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ آئی ٹیونز پر یہ 28 جنوری کو رینٹڈ فلموں کی ٹاپ 10 فہرست کا حصہ بھی بنی۔

فلم میں متاثرین کے ساتھ ویکسین کے لیے جی جان سے کوشش کرتے کردار دکھائے گئے ہیں اور اس میں ایک انتباہ چھپا ہوا ہے کہ کس طرح پالیسی فیصلے غلط رخ اختیار کرسکتے ہیں یا بلا سوچے سمجھے اقدامات کس حد تک تباہ کن اثرات کا باعث بن سکتے ہیں۔

جب یہ فلم ریلیز ہوئی تھی تو اس کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرنے والی لوری جیرٹ نے کہا تھا کہ اس کا پلاٹ کچھ افسانوی، کچھ حقیقی اور مکمل طور پر ممکن ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ فلم میں ایم ای وی 1 نامی وائرس کو پھیلتے ہوئے دکھایا گیا اور اس وقت کورونا وائرس مختلف ممالک میں سامنے آیا ہے جسے فی الحال عالمگیر وبا کی جگہ گلوبل پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے۔

مگر فلم میں یہ ضرور دکھایا گیا تھا کہ ایم ای وی 1 ایک حیوانی بیماری ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوئی، جیسا ابھی کورونا وائرس کے بارے میں بھی کہا جارہا ہے۔

اس فلم میں یہ وائرس ایک چمگادڑ سے ایک چینی مارکیٹ میں فروخت ہونے والے ایک جانور منتقل ہوا اور پھر امریکی خاتون تک پہنچا اور کورونا وائرس کے بارے میں بھی مانا جارہا ہے کہ یہ چمگادڑ سے شروع ہوکر ووہان کی سی فوڈ مارکیٹ میں فروخت ہونے والے کسی جانور کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوا۔

تاہم یہ مکمل طور پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے ملتی جلتی نہیں، جیسے اس میں 29 دن میں دنیا بھر میں ڈھائی کروڑ سے زائد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں جبکہ کورونا وائرس میں یہ تعداد اتنے دنوں میں 210 رہی۔

فلم میں مزید ایسے ہی متعدد تضاد دیکھے جاسکتے ہیں مگر پھر بھی یہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے واقعات کے قریب ترین فلم ہے۔